Recent News

Copyright © 2025 Indus OBServer. All Right Reserved.

آزاد فلسطینی ریاست اور اسرائیلی مظالم پر جوابدہی ناگزیر؛ عالمی یوم یکجہتی پر وزیراعظم کا پیغام

Share It:



اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن  پر اپنے پیغام میں آزادی فلسطینی ریاست کے قیام کا عزم ظاہر کرتے ہوئے  اسرائیلی مظالم پر جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور عوام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہائیوں سے فلسطینی عوام اپنے حقِ خودارادیت سے محرومی، سرزمین پر قبضے اور امن کی تباہی جیسے سانحات کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ برسوں میں غزہ میں 70 ہزار سے زائد افراد، جن میں بچے، خواتین اور مرد شامل ہیں، شہید ہوئے۔ پوری کی پوری آبادیاں تباہ کر دی گئیں، خاندان مٹ گئے جب کہ گھر، اسپتال، اسکول اور بنیادی شہری ڈھانچے ملبے میں بدل دیے گئے ہیں۔ اس شدید اذیت کے باوجود فلسطینی عوام نے غیر معمولی حوصلہ اور ثابت قدمی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جنگی جرائم اور نسل کشی جیسے اقدامات کی بین الاقوامی قانون کے مطابق مکمل اور قابلِ اعتماد جوابدہی ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دو ریاستی حل کے حوالے سے ہونے والی اعلیٰ سطحی کانفرنس اور غزہ امن منصوبے کو ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا ہوگا۔ اسرائیل کو تمام خلاف ورزیاں روکنی ہوں گی اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی انروا کے کام میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا سیاسی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام مستقل امن و خوشحالی کے مستحق ہیں، جس کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیلی فوج مکمل طور پر فلسطینی سرزمین، بشمول غزہ، سے دستبردار ہو۔ ساتھ ہی وزیراعظم نے متنبہ کیا کہ دنیا کو مغربی کنارے کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور غیرقانونی یہودی آبادیوں کے توسیعی سلسلے سے توجہ نہیں ہٹانی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطینی مسئلے کے منصفانہ، دیرپا اور جامع حل کے لیے پرعزم ہے، جو سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہو۔ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد، قابلِ عمل اور مسلسل ریاستِ فلسطین جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج اور ہمیشہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی آزادی، عزت اور امن کے جائز مقصد کی حمایت جاری رکھے گا۔





Source link

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Grid News

Latest Post

انڈس آبزرور ایک خودمختار ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو پاکستان اور دنیا بھر کی تازہ ترین، مستند اور غیر جانبدار خبریں فراہم کرتا ہے۔ ہمارا مقصد سچائی پر مبنی صحافت کو فروغ دینا ہے تاکہ قارئین تک درست معلومات اور تجزیے بروقت پہنچ سکیں۔ ہم سیاست، بین الاقوامی امور، ایران۔اسرائیل جنگ، کاروبار، کھیل، صحت اور تفریح سمیت مختلف شعبوں پر خبریں فراہم کرتے ہیں۔ انڈس آبزرور سچائی کی آواز ہے جہاں ہر خبر ذمہ داری کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔

تازہ ترین خبریں

سب سے زیادہ مقبول