تہران: (IndusObserver News) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں شامل ہوکر امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے قوم سے خطاب میں کہا کہ امریکا جنگ میں اس لیے شامل ہوا کیونکہ اسے لگا کہ اگر وہ جنگ میں شامل نہ ہوتا تو اسرائیل تباہ ہوجاتا لیکن ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں شامل ہوکر امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا بڑے امریکی فوجی اڈوں تک رسائی حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، دوبارہ جارحیت ہوئی تو مستقبل میں بھی جواب دیں گے، امریکا نے ہماری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا لیکن وہ کچھ زیادہ حاصل نہیں کر سکا، امریکی صدر ٹرمپ شومین شپ چاہتے تھے۔
خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ایک تقریر میں کہا ایران کو ہتھیار ڈالنے چاہئیں، ایران کے دشمن درحقیقت ہمارے ہتھیار ڈالنے کے خواہاں ہیں مگر ہم ہتھیار کبھی نہیں ڈالیں گے، بلند و بانگ دعووں کے باوجود ایرانی حملوں میں صیہونی ریاست پاش پاش ہوگئی، ایران کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو آگے بھی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی ریاست کے خلاف فتح پر ایرانی عوام کو مبارک باد دیتا ہوں، 9 کروڑ نفوس پر مشتمل قوم، متحد، ایک آواز اور شانہ بشانہ کھڑی ہو کر افواج کی حمایت میں پیش پیش رہی۔