Recent News

Copyright © 2025 Indus OBServer. All Right Reserved.

بدنام زمانہ ایپسٹن جنسی اسکینڈل میں ٹرمپ کی تصاویر بھی سامنے آگئیں

Share It:


امریکی سیاست میں ایک بار پھر جیفری ایپسٹن جنسی اسکینڈل کا بھوت جاگ اٹھا ہے اور اس بار نشانے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان کی نگران کمیٹی کے ڈیموکریٹس نے ایپسٹن فائلز سے حاصل ہونے والی تصاویر اور ای میلز کا ایسا پیکج جاری کیا ہے جس نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔

جاری کی گئی 19 تصاویر میں ایپسٹن کو امریکی اور عالمی اشرافیہ کے بیچ گھِرا دیکھا جا سکتا ہے، جن میں ڈونلڈ ٹرمپ، بل کلنٹن، اسٹیو بینن، بل گیٹس، رچرڈ برانسن سمیت کئی طاقتور نام شامل ہیں۔

 

ایوانِ نمائندگان کی نگران کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر جیری ایپسٹن کے بااثر سماجی نیٹ ورک کی تصدیق کرتی ہیں۔ یہ ایک ایسا نیٹ ورک ہے جس پر سوالات پہلے بھی اٹھتے رہے ہیں۔

ان تصاویر میں ایک متنازع تصویر وہ ہے جس میں ٹرمپ چھ خواتین کے ساتھ نظر آتے ہیں اگرچہ خواتین کے چہروں کو چھپایا گیا مگر سوال اپنی جگہ موجود ہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ان تصاویر سے امریکی صدر ٹرمپ کے اُس بیان کی نفی ہوجاتی ہے جس میں وہ جیفری ایپسٹن سے کسی بھی تعلق سے انکار کرتے ہیں۔

تصاویر کے ساتھ ساتھ مزید سنسنی اس وقت پھیلی جب کمیٹی کی جانب سے جاری ای میلز میں ایپسٹن نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ نے ورجینیا جیوفری کے ساتھ وقت گزارا اور وہ لڑکیوں کے بارے میں جانتے تھے۔

 

اگرچہ وائٹ ہاؤس اور ٹرمپ ٹیم نے ان ای میلز کو “دھوکہ” قرار دے کر مسترد کیا ہے مگر سیاسی مبصرین کہتے ہیں کہ الزامات سنجیدہ اور تفتیش طلب ہیں۔

کانگریس مین رابرٹ گارسیا نے واضح انداز میں کہا اب وقت آ گیا ہے کہ “پردہ پوشی” ختم ہو اور محکمہ انصاف تمام فائلیں سامنے لائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جیفری ایپسٹن کی ملکیت سے 95 ہزار سے زائد تصاویر برآمد ہو چکی ہیں، جن میں طاقتور مردوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ جاری کردہ تصاویر میں کوئی غیر قانونی جنسی عمل یا نابالغوں کی تصدیق نہیں ہوتی اور نہ ہی ٹرمپ یا دیگر شخصیات پر کسی جرم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

تاہم ٹرمپ کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر یہ سب ناقابل گرفت ہے اور سب کچھ اتنا ہی صاف و شفاف معاملہ ہے تو پھر اتنی تصاویر اور ای میلز کو مقدمے کا حصہ کیوں بنایا گیا۔

یاد رہے کہ جیفری ایپسٹن ایک امریکی ارب پتی تھا جس پر کم عمر لڑکیوں کی اسمگلنگ اور جنسی جرائم کے سنگین الزامات تھے۔ وہ 2019 میں قید کے دوران خودکشی کرکے ہلاک ہوگیا تھا۔

 





Source link

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Grid News

Latest Post

انڈس آبزرور ایک خودمختار ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو پاکستان اور دنیا بھر کی تازہ ترین، مستند اور غیر جانبدار خبریں فراہم کرتا ہے۔ ہمارا مقصد سچائی پر مبنی صحافت کو فروغ دینا ہے تاکہ قارئین تک درست معلومات اور تجزیے بروقت پہنچ سکیں۔ ہم سیاست، بین الاقوامی امور، ایران۔اسرائیل جنگ، کاروبار، کھیل، صحت اور تفریح سمیت مختلف شعبوں پر خبریں فراہم کرتے ہیں۔ انڈس آبزرور سچائی کی آواز ہے جہاں ہر خبر ذمہ داری کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔

تازہ ترین خبریں

سب سے زیادہ مقبول