فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چوری کرنے والے جیولرز کے خلاف کارروائی کے لیے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ریکارڈ اکٹھا کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جبکہ رجسٹرڈ جیولرز میں سے محض 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائی ہے۔ بیشتر جیولرز اپنی اصل آمدنی چھپا کر کم ظاہر کرتے ہیں جس پر ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کئی جیولرز کی ٹیکس ریٹرن ان کی دکانوں، لین دین اور طرزِ زندگی کے مطابق نہیں ہیں جبکہ ہزاروں جیولرز اب تک ٹیکس نیٹ میں شامل ہی نہیں ہوئے۔ کم ٹیکس ادا کرنے والوں کو نوٹسز کے ذریعے وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔



