وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں یومِ قومی کے موقع پر چین کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس پرمسرت دن پر وہ چینی عوام کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق یہ دن نہ صرف چین کے شاندار قومی سفر کی علامت ہے بلکہ ایک عظیم قوم کی ترقی، استحکام اور عالمی امن میں کردار کا اعتراف بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال اور ناقابلِ شکست رشتہ ہے جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوا ہے۔ پاکستان کو اپنے برادرانہ تعلقات پر فخر ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک اپنی دوستی اور شراکت داری کو نئے سنگِ میل تک لے جائیں گے۔



