وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیلاب کے حوالے سے سندھ کے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور کشتیوں کا بھی بندوبست موجود ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک اس وقت سیلابی صورتحال سے دوچار ہے اور ریلہ سندھ کی طرف بڑھ رہا ہے، تاہم پنجاب میں ہونے والی تباہ کاری پر ہم پنجاب حکومت کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے صورتحال کی نگرانی کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی متعلقہ اداروں اور ذمہ داران کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہیں۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ 2010 کے سیلاب میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی، تاہم اس کے بعد ہم نے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ایسے اقدامات کیے جن کی بدولت آئندہ سیلابوں سے نمٹنے کے لیے بہتر تیاری کی گئی۔



