وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کرین پارٹی کے احتجاج کے تناظر میں کراچی کی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام شہر میں افراتفری سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔
انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فون پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اشتعال انگیزی اور جھوٹی اطلاعات پھیلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، اور قانون شکنی کرنے والوں سے دفعہ 144 کے تحت سختی سے نمٹا جائے۔
وزیر داخلہ نے پولیس کو ہدایت دی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں الرٹ اور مستعد رہیں، اینٹی رائٹس فورس کو تیار رکھا جائے، جبکہ حساس علاقوں اور فلیش پوائنٹس پر سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی علاقے میں ہجوم یا قانون مخالف سرگرمی کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ سینئر افسران کو فوری آگاہ کیا جائے۔ ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھے اور مقامی تھانوں سے مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے۔



