ٹائم ٹریول، ایکشن اور سسپنس سے بھرپور اینیمیٹڈ فلم ’ٹائم ہوپرز: دی سلک روڈ‘ آج سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے، جس نے ریلیز سے قبل ہی نمایاں توجہ حاصل کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے پری سیلز میں 35 ہزار سے زائد ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں، جسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ دراصل مسلم بچوں کے لیے بننے والی ایک سادہ ویب اینی میشن سے شروع ہوا تھا، جو اب ایک مکمل فیملی فلم کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ فلم میں تاریخِ اسلام کے درخشاں دور کے نامور سائنسدان اور مفکر محمد بن موسٰی الخوارزمی سمیت دیگر شخصیات کے کرداروں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
کہانی چار باصلاحیت بچوں کے گرد گھومتی ہے جو سن 2050 سے تعلق رکھتے ہیں اور وقت میں سفر کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت دریافت کرنے کے بعد قدیم سلک روڈ کے دور میں جا پہنچتے ہیں۔ وہاں وہ ایک شیطانی کیمیاگر سے عظیم سائنس دانوں کو بچانے کے مشن پر نکلتے ہیں۔
میلو پروڈکشنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر گیبریل میلو کے مطابق اس منصوبے کی بنیاد ایک موبائل گیم سے رکھی گئی تھی جسے کینیڈا کے گرانٹس سے فنڈ کیا گیا، اور صرف تین ماہ میں اسے ایک لاکھ سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔ ان کے بقول اس کامیابی نے ثابت کیا کہ مسلم ناظرین کے لیے بامعنی مواد کی مضبوط طلب موجود ہے۔
Source link



