وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ٹیکس نیٹ بڑھانے اور نظام بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر سال کے آخر تک تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے جبکہ عالمی قرض مارکیٹ رسائی کی تیاری بھی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، اس دوران وزیر خزانہ نے تجارتی اصلاحات اور ٹیرف میں کمی سے مسابقت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور ترقیاتی شراکت داروں نے بھی پاکستان کی اصلاحات اور سرمایہ کاری ایجنڈے کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ سے نجی سرمایہ کار گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے بھی ملاقات کی ہے، وفاقی وزیر خزانہ نے عالمی سرمایہ کاروں کے وفد کو پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات سے آگاہ کرنے کے ساتھ نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ 18 ماہ میں معاشی استحکام میں نمایاں بہتری آئی، زر مبادلہ کے ذخائر سال کے آخر تک تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہونے کی توقع ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ توانائی اور ٹیکس شعبے میں اصلاحات جاری ہیں، حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے اور نظام بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان عالمی قرض مارکیٹ تک رسائی کی تیاری میں بھی ہے، پی آئی اے کی نجکاری سے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
محمد اورنگزیب نے پانڈا بانڈ سمیت عالمی مارکیٹ تک رسائی میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور نجی سرمایہ کار گروپ گوبی پارٹنرز کی ملاقات میں وینچر کیپیٹل اور اسٹارٹ اپس کے فروغ کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان میں نجی شعبے کی قیادت میں ترقی پر زور دیتے ہوئے رسک کیپیٹل تک رسائی روزگار اور جدت کے لیے ضروری قرار دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکسلا فنڈ ٹو کے لیے 50 ملین ڈالر کا ہدف مقرر ہے، گوبی پارٹنرز نے فن ٹیک، لاجسٹکس، ہیلتھ ٹیک اور سافٹ ویئر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا عزم ظاہر کیا۔
Source link



