[ad_1]
کراچی:
میٹروول چڑھائی کے قریب واردات کرکے فرار ہونے والا ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، پولیس نے ڈکیت سے پانچ موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سائٹ اے تھانے کے علاقے سائٹ ایریا میٹروول چڑھائی کے قریب فائرنگ سے ایک مبینہ ڈکیت ہلاک ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ڈکیت کی شناخت نعمان عرف چائنا ولد سرفراز خان کے نام سے کی گئی، ہلاک ملزم اورنگی ٹاؤن مومن آباد کا رہائشی تھا۔
ایس ایچ او عمران آفریدی کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے خلاف مختلف علاقوں میں پانچ سے زائد مقدمات بھی درج تھے جن میں ملزم پولیس کو مطلوب تھا۔
ایس ایچ او سائٹ اے عمران آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ڈاکو اور اس کے ساتھی پیرآباد اور سائٹ اے کے علاقے میں واقع قبرستان کے قریب شہریوں سے اسلحے کے زور پر موبائل فونز چھین کر فرار ہو رہے تھے، میٹروول چڑھائی کے قریب ان کی موٹرسائیکل ایک بولان گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دونوں ڈکیت گرگئے۔
موقع پر شہری جمع ہونے لگے تو ڈکیت اٹھ کر فرار ہونے لگے اس دوران فرار ہونے والے ایک ڈکیت نے فائرنگ کردی جس کے باعث اس کا اپنا ساتھی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ کرکے والا ملزم موقع فرار ہوگیا۔
پولیس نے ہلاک ڈاکو کے قبضے سے پانچ موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق مسلح ملزمان نے پیر آباد اور ان کے تھانے کی حدود میں جن شہریوں سے موبائل فون چھینے تھے دونوں وارداتوں کے مقدمات متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں درج کرلیے گئے ہیں۔
[ad_2]
Source link