کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے دوران ہنگامہ آرائی اور پولیس پر پتھراؤ کے واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں 550 کارکنان کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر، فردوس شمیم نقوی، ارسلان خالد، عواب علوی، ایف الرحمان اور عالمگیر کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ریلی کے شرکاء لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے مسلح تھے اور انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا، املاک کو نقصان پہنچایا اور مارپیٹ کی۔ پتھراؤ کے نتیجے میں عزیز بھٹی تھانے کے ہیڈ محرر اعجاز زخمی ہوگئے۔ پولیس کی شیلنگ کے بعد ریلی کے شرکاء منتشر ہوگئے، جبکہ 12 شرپسند گرفتار کر لیے گئے اور باقی افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔



