سندھ ہائی کورٹ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت جسٹس عدنان الکریم میمن نے استفسار کیا کہ کیا عدالت گورنر کو عہدے سے برطرف کرسکتی ہے؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل احمد علی گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست میں صدرِ مملکت کو فریق بنایا گیا ہے، عدالت صدر کو ہدایات جاری کرسکتی ہے۔ جسٹس عدنان الکریم میمن نے مزید پوچھا کہ گورنر کو ہٹانے کی وجہ کیا ہے؟ وکیل نے مؤقف دیا کہ گورنر کا منصب غیرجانبدار ہوتا ہے، لیکن موجودہ گورنر سندھ سیاسی جماعت کے لئے سرگرم ہیں۔ عدالت نے فریقین سے 8 اکتوبر تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس بھی جاری کردیئے۔



