صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی شجاعت اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سومناتھ دشمن کے لیے خوف جبکہ پاک بحریہ کے لیے فخر کی علامت بنا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یومِ بحریہ اس عزم کی تجدید ہے کہ پاک بحریہ ہر محاذ پر قوم کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور یہ فورس آج ایک جدید اور کثیر الجہتی قوت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ صدر نے کہا کہ آپریشن بُنیان مرصوص کے دوران پاک بحریہ نے سمندری حدود کا بھرپور تحفظ کرتے ہوئے دشمن کی ہر ممکنہ جارحیت کو ناکام بنایا۔ یومِ بحریہ کے دن ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور قوم کو اپنے غازیوں اور شہداء پر ناز ہے۔



