صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم نے شجرکاری مہم کے دوران 4 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا اعلان کیا ہے۔ مون سون شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ مہم 18 اگست کو اس وقت شروع کی جا رہی ہے جب پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ صدرِ مملکت نے زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ مہم پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے اور درخت لگانا ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔ وزیرِ اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگلات میں اضافہ اور مٹی کی زرخیزی بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل اور قدرتی حل بروئے کار لاتے ہوئے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔



