پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں 750 ملین ڈالر (تقریباً 2 کھرب 11 ارب روپے) کی مالی معاونت حاصل کرنے کے لیے دو منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جن میں پانڈا بانڈز کا اجرا اور بین الاقوامی بینکوں کے تعاون سے کمرشل فنانسنگ شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت 300 سے 500 ملین ڈالر تک کی کمرشل فنانسنگ پر غور کر رہی ہے، جو ڈوئچے بینک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اور دیگر عالمی بینکوں کے کنسورشیم کے ذریعے ممکن ہوگی۔ یہ اقدام اس لیے ضروری ہے کیونکہ پاکستان کو 30 ستمبر 2025 کو یوروبانڈ کی میچورٹی پر 500 ملین ڈالر (تقریباً ایک کھرب 40 ارب روپے) کی ادائیگی کرنی ہے۔ مزید برآں، ایک ارب ڈالر (تقریباً 2 کھرب 80 ارب روپے) کی بڑی ادائیگی اپریل 2026 میں درکار ہوگی۔ پاکستان ڈالرز کے حصول کے یہ منصوبے ایسے وقت میں ترتیب دے رہا ہے جب آئی ایم ایف کا جائزہ مشن رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔



