وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب دریائے چناب، راوی اور ستلج میں آیا، اور اس پانی کو کالا باغ تک لے جانا ممکن نہیں تھا کیونکہ وہ بالکل الگ مقام ہے۔ ان کے مطابق یہ کہنا کہ اگر کالا باغ ڈیم ہوتا تو یہ نقصان نہ ہوتا، اس وقت بے معنی بات ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وفاقی حکومت کو ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے ایک جامع پالیسی مرتب کرنی چاہیے تاکہ پاکستان بار بار آنے والی قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹ سکے۔ مراد علی شاہ نے خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں بڑے پیمانے پر پانی چھوڑنے کے بعد سندھ میں سپر فلڈ کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کر لی ہے اور ہماری اولین ترجیح انسانی جانوں، مویشیوں اور بیراجوں کو محفوظ بنانا ہے۔



