نامور پاکستانی اداکار بلال عباس خان کی مدینہ منورہ میں خفیہ ویڈیو بنانے پر مداحوں کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔
بلال عباس خان پاکستان کے باصلاحیت اور ورسٹائل ٹی وی اداکار ہیں، جو اپنے ہٹ ڈراموں ’پیار کے صدقے‘، ’من جوگی‘، ’چیخ‘ اور عشق مرشد کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔
آج کل مداح انہیں ڈرامہ سیریل ’میری زندگی ہے تو‘ میں بے حد پسند کر رہے ہیں جس میں ان کے مدمقابل ہانیہ عامر مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔
بلال عباس کے انسٹاگرام پر تقریباً 5.8 ملین فالوورز ہیں لیکن وہ اپنی نجی زندگی کو زیادہ شیئر نہیں کرتے، تاہم مداح اکثر ان کے ذاتی لمحات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیتے ہیں۔
View this post on Instagram
حال ہی میں مداحوں نے انہیں مدینہ منورہ میں دیکھا، جہاں وہ قرآنِ پاک کی تلاوت کر رہے تھے اور مسجدِ نبوی ﷺ میں وقت گزار رہے تھے۔
اس سے قبل اپریل 2024 میں بھی وہ خانہ کعبہ میں عمرہ ادا کرتے ہوئے نظر آئے تھے جب کہ دونوں مواقع پر بلال عباس خان کے مداحوں نے مکہ اور مدینہ میں ان کی خفیہ ویڈیوز بنانے پر اعتراض کیا تھا۔
اس بار بھی بلال عباس خان کی قرآنِ پاک کی تلاوت کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا صارف کی جانب سے شیئر کی گئی جس پر مداحوں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق ایسے ذاتی اور روحانی لمحات کو اجازت کے بغیر فلم نہیں کرنا چاہیے۔
اداکار کے مداحوں کی جانب سے بھی اس ویڈیو پر ناراضی کا اظہار کای گیا کیوں کہ بلال عباس ماہ رمضان کے دوران عبادت میں مصروف ہونے کے باوجود انہیں مدینہ میں ریکارڈ کیا گیا۔
ایک مداح نے لکھا ’سیلیبریٹیز کی بھی اپنی زندگی ہوتی ہے، ہر لمحہ کیمرے میں قید کر کے آن لائن پوسٹ کرنا ضروری نہیں، خاص طور پر ذاتی اور روحانی لمحات میں ان کی پرائیویسی کا احترام کریں‘۔
ایک اور مداح نے ویڈیو بنانے والے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے انہیں فلم کرنا ضروری سمجھا، کیا آپ سنجیدہ ہیں، وہ ایک اداکار ہیں، آپ کی ملکیت نہیں! خدارا سمجھیں۔
ایک اور تبصرہ تھا ’کسی کی ذاتی سفر کے دوران بغیر اجازت ویڈیو بنانا بہت بڑا جرم ہے‘۔


