Recent News

Copyright © 2025 Indus OBServer. All Right Reserved.

شادیوں میں گلوکاری پر راحت فتح اور عاطف اسلم کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟

Share It:



پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نہ صرف اپنے لازوال گانوں بلکہ شاندار لائیو پرفارمنسز کے باعث بھی دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔

بھارتی فلموں کے لیے گائے گئے سپرہٹ گانوں نے ان کی مقبولیت کو مزید دوام بخشا، جبکہ نجی تقریبات اور بڑی شادیوں میں ان کی موجودگی ہمیشہ خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔

دونوں فنکار پاکستان میں ملک ریاض اور بھارت میں مکیش امبانی جیسے بااثر شخصیات کی شادیوں میں بھی پرفارم کرچکے ہیں، جہاں ان کی فیس ہمیشہ توجہ کا مرکز بنی۔

گزشتہ ہفتے فریال تالپور کی صاحبزادی عائشہ تالپور کی شادی نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی، جہاں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ باخبر ذرائع کے مطابق دونوں گلوکاروں نے تقریب میں موجود معزز مہمانوں کی خصوصی فرمائش پر اپنے مقبول گانے پیش کیے اور محفل کو یادگار بنا دیا۔

اب سینئر اینکر پرسن نعیم حنیف نے حال ہی میں ایک گفتگو کے دوران ان معروف گلوکاروں کی تقریبات میں پرفارمنس کے معاوضوں سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ ان کے مطابق، راحت فتح علی خان پاکستان میں کسی شادی پر پرفارم کرنے کے لیے تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے وصول کرتے ہیں۔ اگر وہ کسی دوسرے شہر میں پرفارم کریں تو یہ رقم مزید بڑھ جاتی ہے، جبکہ بیرونِ ملک پرفارمنس کی صورت میں ان کی فیس تقریباً دگنی ہو جاتی ہے۔

نعیم حنیف نے عاطف اسلم کے حوالے سے بتایا کہ وہ ماضی میں شادیوں میں پرفارم نہیں کیا کرتے تھے۔ تاہم تقریباً سات سال قبل ملک ریاض نے انہیں اپنے پوتے کی شادی میں گانے کی پیشکش کی۔ عاطف اسلم نے بظاہر انکار کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے مانگے، مگر ملک ریاض نے وہ رقم ادا کر دی۔ نعیم حنیف کے بقول انہوں نے اس ادائیگی کا بل بھی دیکھا تھا۔ اسی واقعے کے بعد عاطف اسلم نے شادیوں میں پرفارم کرنا شروع کیا اور اب وہ فی پرفارمنس تقریباً دو سے ڈھائی کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین عموماً صحت کے مسائل کے باعث پرفارم نہیں کرتیں، لیکن اگر وہ کسی تقریب میں شرکت کریں تو ان کا معاوضہ بھی کم نہیں ہوتا اور وہ تقریباً ساٹھ سے ستر ہزار ڈالر وصول کرتی ہیں۔ نعیم حنیف کے اندازے کے مطابق مذکورہ شادی میں مجموعی طور پر گلوکاروں کی پرفارمنس پر خرچ کی گئی رقم تقریباً سات کروڑ روپے کے قریب تھی۔

یہ انکشافات ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ پاکستان کے صفِ اول کے گلوکار نہ صرف موسیقی کی دنیا میں راج کر رہے ہیں بلکہ شادیوں اور نجی تقریبات میں ان کی ایک جھلک بھی کروڑوں روپے کی قیمت رکھتی ہے۔



Source link

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Grid News

Latest Post

انڈس آبزرور ایک خودمختار ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو پاکستان اور دنیا بھر کی تازہ ترین، مستند اور غیر جانبدار خبریں فراہم کرتا ہے۔ ہمارا مقصد سچائی پر مبنی صحافت کو فروغ دینا ہے تاکہ قارئین تک درست معلومات اور تجزیے بروقت پہنچ سکیں۔ ہم سیاست، بین الاقوامی امور، ایران۔اسرائیل جنگ، کاروبار، کھیل، صحت اور تفریح سمیت مختلف شعبوں پر خبریں فراہم کرتے ہیں۔ انڈس آبزرور سچائی کی آواز ہے جہاں ہر خبر ذمہ داری کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔

تازہ ترین خبریں

سب سے زیادہ مقبول