بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث بہاولپور میں دریائے ستلج کی صورتِ حال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریا میں پانی کے بڑھتے ہوئے بہاؤ اور ممکنہ سیلاب کے خدشے پر پی ڈی ایم اے پنجاب کو پیشگی الرٹ جاری کیا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر انخلا شروع کر دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام اداروں کو ریسکیو اور ریلیف آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کا خمیازہ عوام کو نہ بھگتنا پڑے، اسی لیے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔



