کراچی ( ویب ڈیسک ) کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے اپنے اراکین اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے نجی ادارے مینٹور ٹی پی اے کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے، جس کے تحت کے یو جے فنڈز فراہم کرے گی جبکہ مینٹور ٹی پی اے کراچی سمیت ملک بھر کے 300 سے زائد اسپتالوں میں کے یو جے کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجے کے انتظامات اور نگرانی کا ذمہ دار ہوگا۔
اس سلسلے میں جمعہ کو مینٹور ٹی پی اے کے دفتر میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں معاہدے پر کے یو جے کی جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی اور مینٹور ٹی پی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سرمد شفیع صدیقی نے دستخط کیے۔
تقریب میں کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، نائب صدور محمد ناصر شریف اور راہب گاہو، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹری روبینہ یاسمین، اراکین مجلس عاملہ محمد سلطان چاکی سومرو اور غلام مصطفیٰ رند سمیت مینٹور ہیلتھ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد رضوی، ہیڈ آف سیلز وقار ڈنکا، مینٹور ٹی پی اے کے ہیڈ آف آپریشنز دانش جلیل اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کے یو جے کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نے کے یو جے کے تمام اراکین سے اپیل کی کہ وہ 15 اکتوبر تک آن لائن فارم مکمل کرکے جمع کرائیں تاکہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو جلد از جلد ہیلتھ کارڈز فراہم کیے جاسکیں۔



