کراچی (نامہ نگار) محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارشوں کے نئے سسٹم کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق سندھ میں موسم کا نیا نظام متاثر ہو رہا ہے جس کے باعث 13 سے 16 ستمبر تک صوبے کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 ستمبر کی شام یا رات سے بارش کا سسٹم کراچی میں داخل ہونے کا امکان ہے، اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ اور بدین میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو تیز آندھی اور بارش کے دوران محتاط رہنے اور بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے نظام کے باعث شدید گرمی اور نمی میں کمی کا امکان ہے۔



