کراچی (ویب ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی نے فتنہ الہند سے وابستہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے منگھوپیر کے علاقے کچا روڈ، غازی گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ مارے گئے دہشت گرد کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران مارے گئے دہشت گردوں سے ایک کلاشنکوف، ایک نائن ایم ایم پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جب کہ برآمد شدہ اسلحہ اور دیگر شواہد کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے کراچی میں ساتھیوں، سہولت کاروں اور ان کے نیٹ ورکس کے بارے میں بھی تفتیش جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


