کروڑوں دلوں کے محبوب گلوکار، فیشن ڈیزائنر اور مذہبی اسکالر جنید جمشید اب ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کے چاہنے والے آج ان کی 61ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ جنید جمشید 3 ستمبر 1964 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ 90 کی دہائی میں انہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر "وائٹل سائنز” کے نام سے ایک بینڈ بنایا، جس نے موسیقی اور شوبز کی دنیا میں دھوم مچا دی۔ ان کا ملی نغمہ دل دل پاکستان ہر دور میں مقبول رہا اور آج بھی ہر عمر کے لوگ اسے یکساں پسند کرتے ہیں۔
ان کی زندگی میں ایک بڑا موڑ اس وقت آیا جب انہوں نے گلوکاری چھوڑ کر نعت خوانی اور تبلیغ کی راہ اختیار کی، جس سے وہ دین اسلام کے مزید قریب ہوگئے۔ پاکستان کے لئے محبت کے جذبے کو ہر دل میں زندہ کرنے والے جنید جمشید 7 دسمبر 2016 کو حویلیاں کے قریب ایک فضائی حادثے میں شہید ہوگئے۔



