نواب شاہ (نامہ نگار) سکرنڈ روڈ پر قائد عوام یونیورسٹی کے قریب دو کاروں کے درمیان مبینہ تیز رفتار ریسنگ کے دوران حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والا نوجوان موٹر سائیکل سوار اسلم شاد راجپوت جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کاریں مبینہ طور پر تیز رفتاری سے دوڑ رہی تھیں کہ سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا۔ اسے پی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ زخمیوں میں دل مراد، اسد، شعیب اور گووندا شامل ہیں جنہیں ریسکیو اور ایدھی کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کے بعد متوفی نوجوان کے گھر میں کہرام مچ گیا جب کہ اس کی بوڑھی ماں اور بہن کو روتے دیکھ کر ماحول سوگوار ہوگیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تھانہ تھانہ کی حدود میں تیز رفتاری اور ریسنگ کی وجہ سے ایسے واقعات عام ہوتے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کار ڈرائیور حادثے کے بعد گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا، جس کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں اور شہریوں نے ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سے واقعہ کا نوٹس لینے، شفاف تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔



