کراچی (نامہ نگار) محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 16 ستمبر تک سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت آج کراچی سمیت جنوبی اور مشرقی سندھ میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ڈویژن میں آج اور کل مطلع ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے موسلادھار بارش جبکہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
خیرپور، دادو، لاڑکانہ اور جیکب آباد سمیت شمالی سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جہاں فی الحال موسلادھار بارش کا کوئی الرٹ نافذ نہیں ہے۔ شہریوں کو موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔



