کوہاٹ (ویب ڈیسک) اولڈ پولیس لائنز میں خودکش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق فتنہ خوارج کے دہشت گردوں نے خودکش حملہ بارود سے بھری گاڑی میں کیا جب کہ دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ بھی کی۔ حملے میں سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جن میں 16 پولیس اہلکار اور متعدد شہری شامل ہیں جب کہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر کے شہداء کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ضلعی عدالتوں میں عدالتی کارروائی معطل رہی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی زخمیوں کی عیادت کی۔


