تلہار (رپورٹ: صابر حسین لغاری) تلہار کے نواحی گاؤں بندو گھاہو کی 22 سالہ خاتون شہزاد گھاہو کی بیوی فرزانہ مبینہ طور پر تلہار کے علاقے میمن کے وارڈ نمبر 5 میں واقع نجی مریم میڈیکل کلینک میں آپریشن کے دوران جاں بحق ہوگئی۔
متوفی خاتون کی والدہ سومری گھاہو اور چچا فتح محمد گھاہو نے الزام لگایا ہے کہ ڈاکٹر سحرش میمن کے مبینہ غلط آپریشن کی وجہ سے فرزانہ کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد ان کی موت واقع ہوئی۔ ورثاء کے مطابق فرزانہ ایک چھوٹے بچے کی ماں بھی تھی۔
واقعے کے بعد متوفی خاتون کے ورثاء نے ایس ایس پی بدین، ایس ایچ او تلہار اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور اگر طبی غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب آخری اطلاعات آنے تک کلینک انتظامیہ یا متعلقہ ڈاکٹر کی جانب سے واقعے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔


