واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی فضائیہ کا ای تھری بی نگرانی کرنے والا طیارہ آبنائے ہرمز کے قریب ایمرجنسی سگنل 7700 بھیجنے کے بعد ریڈار سے غائب ہو گیا ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ FlightRadar24 کے مطابق طیارے کی آخری لوکیشن آبنائے ہرمز کے قریب 19,000 فٹ سے زیادہ کی بلندی پر ریکارڈ کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق طیارہ 22 ہزار فٹ سے 17 ہزار 700 فٹ کی بلندی پر تیزی سے نیچے آیا اور اپنا راستہ بدل کر عمان اور آبنائے ہرمز سے دور جزیرہ نما عرب کی اندرونی فضائی حدود کی طرف بڑھ گیا۔
قطر میں امریکی ہوائی اڈے سے ایندھن بھرنے والے ٹینکرز کو بھی مدد کے لیے جاتے دیکھا گیا۔
ایران کی جانب سے طیارے کو مار گرائے جانے کے دعوے سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے اس بات کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ طیارہ تباہ ہوا یا مار گرایا گیا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایمرجنسی کوڈ 7700 کو انجن کی خرابی، آگ لگنے یا طبی ہنگامی صورتحال سمیت متعدد مسائل کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، اس لیے ضروری نہیں کہ یہ نتیجہ اخذ کرنا درست ہو کہ یہ فوجی حملہ ہے۔



