نوشہرو فیروز (نامہ نگار) سڑک کا ایک سائیڈ بند ہونے کے باعث بھریا کے قریب نیشنل ہائی وے پر اوور ٹیک کرتے ہوئے دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں خانواں کا نوجوان فیروز الدین تنیو موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پنجاب سے آنے والے 2 مسافر زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد جاں بحق افراد کی لاش اور زخمی کافی دیر تک سڑک پر پڑے رہے جبکہ موٹروے پولیس اور محکمہ صحت کی مقامی انتظامیہ بروقت نہ پہنچ سکی۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے زخمی سڑک پر ہی تڑپتے رہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق نیشنل ہائی وے پر کام سست روی کا شکار ہے اور سڑک کا ایک سائیڈ بند ہونے کی وجہ سے حادثات معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور حادثات کی صورت میں فوری امداد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں۔


