لاہور: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں ایک بڑی سرجری کی گئی ہے، جس کے بعد وہ اب گھر منتقل ہو چکی ہیں۔ عوام کی جانب سے یہ سوال پوچھا جا رہا تھا کہ مریم نواز نے اچانک یہ سرجری کیوں کروائی؟ شریف خاندان کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعلیٰ کی یہ میجر سرجری گلے کی شدید تکلیف اور انفیکشن کے باعث کی گئی ہے، اس سے قبل نومبر 2024 میں بھی وہ اسی تکلیف کی وجہ سے ہسپتال داخل ہوئی تھیں۔
مریم نواز کے معالج ڈاکٹر عدنان خان نے بتایا کہ سرجری کی پیچیدگی کے پیشِ نظر انہیں بیرونِ ملک علاج کی تجویز دی گئی تھی، تاہم مریم نواز نے لاہور میں ہی علاج کرانے کو ترجیح دی۔ آپریشن کے بعد انہیں احتیاطی طور پر ایک رات آئی سی یو (ICU) میں رکھا گیا۔ صوبائی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیراعلیٰ آفس کے مطابق، مریم نواز نے سرجری کے باوجود عید کے دن ہسپتال اور گھر سے ہی صوبے بھر میں سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کی براہِ راست خود نگرانی کی۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے فروری 2024 میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔



