تہران (ویب ڈیسک): ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملک میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ صدارتی حکم نامہ جاری ہونے کے بعد وزارتِ مواصلات کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کو دسمبر 2025ء سے پہلے کی حالت پر بحال کیا جائے۔
نائب وزیرِ مواصلات نے صدارتی حکم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عوامی حقوق کی بحالی اور حکومت پر عوام کا اعتماد بڑھانے کی طرف ایک قدم ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، نائب صدر محمد رضا عارف کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انٹرنیٹ کی بحالی کے حق میں 9 ووٹ آنے کے بعد اس کی منظوری دی گئی، جس کی صدر پزشکیان نے بھی حتمی منظوری دے دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں مظاہرین کے خلاف کارروائی کے دوران ایران میں انٹرنیٹ بند کیا گیا تھا، جس کے بعد اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے دوران انٹرنیٹ کی بندش کو مزید سخت کر دیا گیا تھا۔



