پاکستان اور ترکیہ نے توانائی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے 3 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔
پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق استنبول میں ہونے والی اعلیٰ سطح مشاورت کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں نے توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون، تکنیکی اشتراک اور علم کے تبادلے کو مضبوط بنانے کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کے انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) اور ترکیہ کے انرجی مارکیٹ آپریٹر کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس کے علاوہ ترکیہ کی بجلی ٹرانسمیشن کارپوریشن اور پاکستان کے انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کے درمیان بھی تعاون کا معاہدہ طے پایا۔
اسی طرح پاکستان کی پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی اور ترکیہ کے بجلی تقسیم کے شعبے سے متعلق ادارے کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
پاور ڈویژن کے مطابق معاہدوں میں نجکاری کے بعد گورننس فریم ورک، بجلی کی مارکیٹ کی ترقی، معاون خدمات کے ضوابط، پاور سسٹم آپریشنز، ٹرانسمیشن منصوبہ بندی اور بجلی کی تقسیم کے شعبے کے انتظام و ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے تعاون شامل ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے بجلی مارکیٹ اصلاحات، ٹرانسمیشن سسٹم کی ترقی اور تقسیمی شعبے میں جدت کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون سے توانائی کے شعبے میں کارکردگی، خدمات کی فراہمی اور گورننس میں بہتری آئے گی، جس سے بجلی کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے میں مدد ملے گی.



