کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفسطہ 3 کے تحت زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں بڑی کارروائی کی گئی، جس کے دوران 8 دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
ضلع سوراب کے علاقے سوراب کے گاؤں حاجیکا میں ایک اور آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں سے گولہ بارود، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکیز، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ان جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن تک جاری رہیں گے۔



