دادو (رپورٹر): دادو کے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی دو لڑکیوں کو بازیاب کرا لیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران مسلح افراد کی جانب سے پولیس پر فائرنگ بھی کی گئی۔
خدا آباد تھانے کی پولیس کے مطابق، قربان علی کورائی کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست پر کارروائی کی گئی۔ گاؤں ابراہیم پنہور میں کی گئی اس کارروائی کے دوران پولیس نے درخواست گزار کی دو رشتہ دار لڑکیوں مسمات ریشماں اور مسمات نرما کو باحفاظت بازیاب کرا لیا۔ پولیس نے موقع سے دو ملزمان آفاق اور ہاشم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، کارروائی کے دوران مسلح اور ڈنڈا بردار افراد کی جانب سے سرکاری کارروائی میں مداخلت کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس نے ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنے اور فائرنگ کرنے کے الزام میں 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


