کراچی (ویب ڈیسک) سندھ حکومت کے محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی نے ضلع میرپورخاص میں سیکنڈری اسکول ٹیچرز (ایس ایس ٹی) گریڈ 16 کی مبینہ جعلی بھرتیوں اور تنخواہوں کی غیر قانونی وصولی کے معاملے میں اہم کارروائی کی ہے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارشات کے بعد 6 سیکنڈری اسکول اساتذہ کی بھرتی کا ریکارڈ زیر تفتیش لایا گیا، جس کے بعد متعلقہ افسران کو ان کی بلاک آئی ڈیز فوری طور پر بند کرنے، تنخواہوں کی ادائیگی روکنے اور پہلے ملنے والی تنخواہیں واپس لینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
تحقیقات میں شامل ملازمین میں میر فہد علی، انیل کمار، شاہ رخ خان، زاہد علی، ارشد علی اور مس عابدہ پروین شامل ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملازمین کی بھرتیوں سے متعلق شکایات اور مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے بعد انکوائری کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، جس کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ نے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔



