کراچی (ویب ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی اور وفاقی اور سول انٹیلی جنس اداروں نے کالعدم تنظیموں بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے وابستہ 3 اور سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے وابستہ ایک مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق آپریشن ابوالحسن اصفہانی روڈ بلاک 4، ایک پارک اور کورنگی کاز وے ریور کے قریب کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے مجموعی طور پر 4 دستی بم اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان پر کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔ ایک ملزم پر ایک غیر ملکی شہری، ایک پولیس ڈی ایس پی، ریلوے ٹریک اور ایک اہم سیاسی شخصیت کے گھر کی مبینہ طور پر جاسوسی کرنے کا بھی الزام ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے جب کہ ان کے مبینہ ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ مشترکہ آپریشنز میں حصہ لینے والے اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔


