کراچی (نامہ نگار) ملیر کے علاقے بن قاسم کے علاقے گلشن حدید میں نجی رہائشی سوسائٹی کے بند گھر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں شاہ زیب، ان کی اہلیہ صبا، بہن شمائلہ اور 2 جوان بیٹیاں عزول اور آریہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی کی لاشیں صوفے پر پڑی تھیں، دونوں کے سروں پر گولیوں کے نشانات تھے جب کہ صبا کے ہاتھ سے پستول بھی ملا ہے۔ بچوں اور شاہ زیب کی بہن کی لاشیں بیڈ پر ملی ہیں جس پر شبہ ہے کہ بچیوں کو گولی مارنے سے پہلے زہر دیا گیا تھا تاہم اس بات کی تصدیق پوسٹ مارٹم اور تفتیش کے بعد ہو گی۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک خط بھی ملا ہے جب کہ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کیا جا رہا ہے۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اودھی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متوفی کی موت کی اصل وجہ شفاف تحقیقات کے ذریعے معلوم کی جائے۔



