اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے تمباکو نوشی کو "قاتل عادت” قرار دیتے ہوئے نسلوں کو بچانے کے لیے قومی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو سخت قانون سازی اور مؤثر انتظامی نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تمباکو نوشی کے خاتمے کے عالمی دن (31 مئي) پر جاری کردہ اپنے پیغام میں صدر زرداری نے تمباکو فروخت کرنے والوں کو ’موت کے سوداگر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ والدین، اساتذہ، فنکاروں اور صحت کے ماہرین کو مل کر اس کے خلاف آگاہی مہم چلانا ہوگی۔
صدر نے عالمی ادارہ صحت (WHO) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں سالانہ 70 لاکھ سے زائد افراد تمباکو نوشی کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، جن میں 16 لاکھ ایسے افراد شامل ہیں جو خود سگریٹ نہیں پیتے بلکہ اس کے دھوئیں (سیکنڈ ہینڈ اسموک) کا شکار ہوتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سگریٹ، ای-سگریٹ، ویپنگ اور نکوٹین پاؤچز کے ذریعے نوجوان نسل کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے گھر کے گھر معاشی اور صحت کے لحاظ سے تباہ ہو رہے ہیں۔



