کراچی (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کے لیے ہیٹ ویو کا ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے صوبے میں شدید اور جان لیوا گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔
سکھر، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ تھرپارکر، بدین، حیدرآباد اور میرپورخاص میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
شدید گرمی کے باعث صوبے میں بجلی کی طلب اور کھپت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس سے پاور سپلائی پر دباؤ بڑھے گا۔
دوسری جانب، گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ یکم جون سے قمبر شہدادکوٹ، دادو، میرپورخاص اور تھرپارکر میں کچھ مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔
ماہرینِ صحت نے شہریوں کو بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو ہیٹ اسٹروک کے کیسز سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


