وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورۂ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپنے چار روزہ سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے ہیں۔ ہانگژو کے شیاؤ شین ایئرپورٹ پر ژجیانگ صوبے کے نائب گورنر شو وینگوانگ، چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں اُن کی چین میں مصروفیات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہانگژو میں وزیراعظم کی ملاقات ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہاؤ سے ہوگی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے منعقدہ بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے، جہاں مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق وزیراعظم کی معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، جبکہ وہ چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے۔
تاہم وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے چین کے چار روزہ سرکاری دورے کے حوالے سے وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چانگ سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کے مشترکہ سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے۔
وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ دورے کا بنیادی مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے تاہم موجودہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال بھی گفتگو کا اہم حصہ ہوگی۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کے مطابق خطے کے موجودہ بحران میں دونوں ممالک نے امن کے لیے تعاون جاری رکھا ہے اور اس پر بات بھی ہوتی رہی ہے اور وزیراعظم کے دورے میں یہ معاملہ بھی زیرِ بحث آئے گا۔



