نوشہروفیروز (محمد عادل عباسی): مورو میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان وقار علی کے اہلِ خانہ کی خواتین نے معصوم بچوں کے ہمراہ قرآنِ پاک ہاتھوں میں اٹھا کر پولیس کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
متاثرہ خواتین شبانہ، امیرزادی اور حمیدہ نے الزام عائد کیا کہ کراچی کی رہائشی لڑکی فاطمہ لاشاری کی اپنی مرضی سے شادی اور عدالتی حکم نامے کی موجودگی کے باوجود، سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے بغیر لیڈی پولیس کے ان کے گھر پر دھاوا بولا اور انہیں تشدد اور ہراسانی کا نشانہ بنایا۔
احتجاجی خواتین نے آئی جی سندھ، وزیرِ داخلہ اور ایس ایس پی نوشہروفیروز سے واقعے کا نوٹس لے کر ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



