تہران (ویب ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان کئی ہفتوں کے وقفے کے بعد دوبارہ لڑائی شروع ہوگئی ہے۔ امریکی فوج نے ایران میں کئی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جن میں پاسداران انقلاب کا فضائی دفاعی نظام، ریڈار، بحری اڈے اور مواصلاتی مراکز شامل ہیں۔
ایران نے بھی جوابی کارروائی میں عراق اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ امریکی حکام نے اردن میں کسی امریکی فوجی کے مارے جانے کی تردید کی ہے۔
ایرانی ہلال احمر کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب سراک میں شادی کی تقریب پر حملے میں 5 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے جب کہ ایرانی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں 4 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے ایران کو مزید سخت کارروائی کی دھمکی دی ہے جب کہ ایران نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو مزید وسیع اور تباہ کن جوابی کارروائی سے خبردار کیا ہے۔



