کراچی (ویب ڈیسک) سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جس کے لیے وہ وزیر تعلیم کی حیثیت سے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے ارکان کے بچوں کو تعلیم کے حصول میں معاونت کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیمی ریکارڈ کے حامل باصلاحیت بچوں کو تعلیمی وظائف بھی دیے جائیں گے۔
کے یو جے کے 2 الگ، الگ وفود نے یہاں وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ اور محکمہ تعلیم کے افسران سے علیحدہ، علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید سے ملاقات میں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد افضال اور مانیٹرنگ آفیسر اخلاق احمد بھی موجود تھے، جب کہ کے یو جے کے وفود میں گرین پینل کے سربراہ سید حسن عباس، کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی اور مجلس عاملہ کے رکن ذوہیب حسن زرداری شامل تھے۔
ان ملاقاتوں میں کے یو جے کے ارکان کے بچوں کو تعلیم کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات اور ان کے تدارک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر تعلیم سردار شاہ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت، صوبے میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جس کے لیے وزیر تعلیم کی حیثیت سے وہ تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔
دریں اثناء محکمہ تعلیم کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید نے سندھ میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے دی گئی کے یو جے کی تجاویز کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کی مثبت ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انڈس آبزرور ایک خودمختار ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو پاکستان اور دنیا بھر کی تازہ ترین، مستند اور غیر جانبدار خبریں فراہم کرتا ہے۔ ہمارا مقصد سچائی پر مبنی صحافت کو فروغ دینا ہے تاکہ قارئین تک درست معلومات اور تجزیے بروقت پہنچ سکیں۔ ہم سیاست، بین الاقوامی امور، ایران۔اسرائیل جنگ، کاروبار، کھیل، صحت اور تفریح سمیت مختلف شعبوں پر خبریں فراہم کرتے ہیں۔ انڈس آبزرور سچائی کی آواز ہے جہاں ہر خبر ذمہ داری کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔