خیرپور/گمبٹ (نامہ نگار سے) ضلع خیرپور میں جرائم پیشہ سرگرمیوں میں اضافہ، مختلف علاقوں میں چوری، ڈکیتی اور جانوروں پر ظلم کی وارداتیں منظر عام پر آ گئی ہیں، پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر مبینہ مقابلوں کے دوران 3 افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خیرپور میں کنب کے صحافی شبیر سولنگی کے گھر سے نامعلوم چور سونا، لاکھوں روپے نقدی اور دیگر سامان لے کر فرار ہو گئے۔ دوسری جانب گمبٹ میں مسلح افراد نے دن دیہاڑے ون فائیو پولیس اہلکار حنیف لاشاری کو کھوڑہ میں لوٹ لیا اور ان کی سی ڈی، موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔
فیض گنج تعلقہ کے اکاری تھانے کی حدود میں دیہ گڈانو کے صحرائی علاقے میں ملزمان نے مبینہ طور پر چرنے والے اونٹ کو ٹریکٹر سے مار ڈالا۔ اونٹ کے مالک امیر احمد بھٹی نے الزام لگایا کہ محمد بچل، حکیم راجپر، عبدالمجید راجپر، محرم راجپر اور دیگر نے اس کے بہترین نسل کے اونٹ کو بے دردی سے مار ڈالا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے واقعہ کا نوٹس لینے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
دریں اثناء خیرپور پولیس کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے دوران تھانہ سیٹھارجہ، کوٹ لالو اور پیر وسان کی حدود میں تین الگ الگ مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جس میں غلام شبیر، مومن لاشاری اور اللہ رکھی شاہانی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
ایس ایس پی خیرپور امیر سعود مگسی کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کے خلاف ضلع کے مختلف تھانوں میں پولیس مقابلوں، چوری اور دیگر وارداتوں کے مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزمان کو علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ خیرپور پولیس کی امن دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


