ایرانی سفارتخانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل موسوی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے سرحدی تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق جنرل موسوی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے سرحد پار دہشت گرد گروہوں کی بڑھتی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی سرحدی سلامتی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنی مشترکہ سرحد کو دوستی، بھائی چارے اور اقتصادی تعاون کی علامت میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔



