کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اکاؤنٹنٹس کا 33واں سالانہ جنرل اجلاس کراچی میں ادارے کے سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پیپفا کے صدر عثمان احسن نے کی۔
اجلاس میں پیپفا کے صدر عثمان احسن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر امداد علی شیخ اور ادارے کے متعدد اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ادارے کے انتظامی امور، گورننس، کارکردگی اور مستقبل کی ترقی سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپفا کے صدر عثمان احسن نے ادارے کے گورننس نظام کو مزید مستحکم بنانے، پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے اور اکاؤنٹنگ و فنانس کے شعبوں میں قابل اور باصلاحیت پروفیشنلز کی تیاری کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ادارے کی ترقی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں پیپفا کے اراکین کے مسلسل تعاون، دلچسپی اور فعال شرکت کو بھی سراہا۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پیپفا کو ایک مضبوط اور معیاری پیشہ ورانہ ادارے کے طور پر مزید ترقی دی جائے گی، جبکہ اکاؤنٹنسی کے شعبے اور ملک میں مالیاتی نظم و نسق کے نظام میں ادارے کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اکاؤنٹنٹس اکاؤنٹنگ اور فنانس کے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور معیارات کی بہتری کے لیے کام کرنے والا ادارہ ہے۔


