خیرپور (رپورٹر): خیرپور کے اے سیکشن تھانے کی حدود میں واقع ایک گاؤں میں کھجور کے باغ سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش ملی ہے، جس کی شناخت پاکستان نیوی کے اہلکار کے طور پر ہوئی ہے۔ مقتول کی لاش ملنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت محمد رمضان ولد ممتاز علی پھلپوٹو کے نام سے ہوئی ہے، جو پاکستان نیوی میں بطور پیٹی آفیسر فرائض سرانجام دے رہا تھا۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول گزشتہ روز ہی چھٹی لے کر گھر آیا تھا، جو رات کے وقت گھر والوں کو کسی کام کا کہہ کر باہر نکلا لیکن واپس نہ لوٹا اور آج صبح اس کی بے دردی سے کٹی ہوئی لاش ملی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے سیکشن پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا، جسے پوسٹ مارٹم کی قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال خیرپور منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملہ انتہائی حساس ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی تفتیش مکمل کر کے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔



