کراچی (ویب ڈیسک): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے کراچی سمیت ملک بھر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں صوبے کی ساحلی پٹی اور دیگر شہروں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں عید کے چوتھے روز سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی سندھ کے دیگر اہم شہروں حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں 30 اور 31 مئی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مینہ برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ انتظامیہ کو ممکنہ اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کے پیشِ نظر پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 28 سے 31 مئی کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔ دوسری طرف خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر اور سوات جیسے علاقوں میں 26 سے 31 مئی تک بارش کے ساتھ ژالہ باری (اولے پڑنے) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔



