کراچی (ویب ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ویمنز ٹی20 سیریز کے تمام پانچ میچز کے لیے شائقین کے مفت داخلے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق سیریز کے تمام میچز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 14 جولائی، دوسرا 17 جولائی، تیسرا 19 جولائی، چوتھا 22 جولائی جبکہ آخری میچ 24 جولائی کو ہوگا۔
شائقین ظہیر عباس اور ماجد خان انکلوژرز میں بغیر ٹکٹ کے بیٹھ کر میچز دیکھ سکیں گے۔
سیریز کی ٹرافی کی رونمائی پاکستانی کپتان فضہ فیاض اور جنوبی افریقہ کی کپتان مکی وین وورسٹ نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کی۔
پاکستانی کپتان فضہ فیاض نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا ہمیشہ خاص احساس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پرجوش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیتنے سے ٹیم کا اعتماد بڑھا، تاہم جنوبی افریقہ ایک مضبوط حریف ہے، اس لیے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے ہر شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔



