واشنگٹن/تہران: ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ امریکا کی جانب سے ایران پر مسلسل حملے جاری ہیں، جبکہ ایران نے بھی جوابی کارروائیوں میں شدت پیدا کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حملوں میں ایران کے مختلف شہروں اہواز، یزد، خرم آباد اور سیرک میں دھماکے ہوئے، جبکہ ہرمزگان صوبے میں امریکی حملے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے دوران متعدد تجارتی جہازوں کا رخ تبدیل کروایا گیا، جبکہ ایک جہاز کو ناکارہ بنایا گیا۔
دوسری جانب ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی بحر ہند میں امریکی بحری جہاز کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ بحرین میں امریکی ڈرون مرکز پر بھی حملہ کیا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے حملے جاری رکھے تو جنگی حکمت عملی تبدیل کی جاسکتی ہے۔
خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔



